• news

دورہ زمبابوے میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہئے تھا: سرفراز نواز‘ اکرم رضا

لاہور (حافظ محمد عمران) پاکستان ٹیم کے دورہ زمبابوے کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیئے جانے چاہئے تھے، یہ ایک آسان دورہ تھا اور اس میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا جاتا تو نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوان کرکٹرز کو انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ حاصل کرنے کاموقع ملتا۔ ان خیالات کا اظہار وقت نیوز کے پروگرام میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اکرم رضا اور سابق کرکٹر و کوچ شاہد انور نے کیا۔ شرکاءنے کہاکہ سعید اجمل، محمد عرفان اور مصباح الحق کی جگہ نئے لڑکوں کو مواقع ملنے چاہیے تھے۔ شاہد انور نے کہا کہ سینئر کرکٹرز کو دورہ زمبابوے میں ینگسٹرز کے لئے جگہ خالی کر دینی چاہئے تھی۔ سید اجمل کی جگہ ذوالفقار بابر کو موقع دینا چاہیے تھا، ڈیوواٹمور کا معاہدے کی مدت ختم ہونے کو ہے اس لئے ضروری ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس حوالے سے اپنی پالیسی کو تبدیل کرے۔ ہمارے سینئر کھلاڑی کوچ بننے کے کوچز کا تربیتی کورس کرنے سے انکار کر دیتے ہیں حالانکہ یہ صرف دو تین مہینے کا کورس ہے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ معین خان نے سینئر کو نہیں نکالا کہ ٹیم ہار نہ جائے۔ ”بوڑھے طوطوں“ پر مبنی کھلاڑی کھلاتے رہنے سے کرکٹ کا بیڑہ غرق ہو رہا ہے۔ مصباح الحق اور محمد حفیظ آپس میں ملے ہوئے ہیں ۔ اب تو وزیراعظم نوازشریف خود ایکشن لیں اور کسی ایسے بندے کو چیئرمین کرکٹ بورڈ لگائیں جسے کرکٹ کے معاملات کا علم ہو۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر راو¿ افتخار انجم نے لندن سے ٹیلی فون پر پروگرام میں شریک ہوتے ہوئے کہا کہ محمد عرفان کو دورہ میں شامل رکھنا ضروری تھا۔

ای پیپر-دی نیشن