قومی کرکٹ ٹیم میں کارکردگی نہ دکھانے والے سینئرز کی جگہ نئے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے: خواجہ ندیم
لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور سٹی کرکٹ ایسویسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں 3 ملکی کرکٹ سیریز جیتنے والی پاکستان کی انڈر 19ٹیم کے 8 اراکین کا تعلق لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن سے ہے جو کہ ایسوسی ایشن کے لئے باعث مسرت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایل سی سی کی میری 3 سالہ صدارت کے دور میں کرکٹ کی ترقی کے لئے جو مخلصانہ کوششیں کی گئیں تھی اس کے نتیجہ میں جو نیا ٹیلنٹ سامنے آیا تھا اس میں سے 8 کھلاڑیوں نے قومی جونیئر ٹیم میں جگہ بنالی جو کہ بڑی ایچیومنٹ اور اطمینان بخش ہے۔ قومی جونیئر ٹیم میں ایل سی سی اے کے 8 کھلاڑیوں کی شمولیت کھیل کی ڈویلپمنٹ خاص طور پر گراس روٹ لیول پر کی جانے والی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ دن دو ر نہیں جب ان میں سے چند کھلاڑی سینئر ٹیم میں شامل ہوکر ملک کا نام مذید روشن کریں گے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کی کامیابی سے پاکستان کی کرکٹ کا روشن مستقبل نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں پرفارمنس نہ دکھانے والے سینئر کھلاڑیوں کی جگہ متبادل نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کی ضرورت ہے جس کو پورا کرنے کے لئے مذید نیا ٹیلنٹ مہیا کرنے کے لئے ایل سی سی میں مسلسل کوششوں کا تسلسل جاری رکھنا ضروری ہے ۔