سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دوسرے سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو گیا۔ جونیئر ہاکی ٹیم مینجمنٹ کی سفارش پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تربیتی کیمپ کے لیے 31 کھلاڑیوں کا اعلان کر رکھا ہے جن میں سے پانچ کھلاڑی سینئر ٹیم کے ساتھ اس وقت ملائیشیا میں ایشیا کپ کھیلنے میں مصروف ہیں جبکہ باقی کھلاڑیوں نے گذشتہ روز ہیڈ کوچ و منیجر اولمپیئن رانا مجاہد کو رپورٹ کر دی تھی۔ رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ ملائیشیا میں کھیلنے والے ٹورنامنٹ کے وکٹری سٹینڈ کو مد نظر رکھ کر ٹریننگ میں حصہ لیا جائے گا، کیمپ میں کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی یہی جونیئر کھلاڑی پاکستان ہاکی کا مستقبل ہیں لہذا ان کی تیاری پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ کیمپ میں ہارڈ ٹریننگ کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔