بھارت نے غیر اعلانیہ جنگ مسلط کردی، دشمن سے غافل نہیں ہونا چاہئے: حافظ سعید
اسلام آباد (محمدنواز رضا /وقائع نگار خصوصی) جماعة الدعوة کے سربراہ پروفیسر حافظ سعید نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف ”غیر اعلانیہ جنگ “مسلط کر رکھی ہے ہمیں اپنے دشمن کے عزائم سے غافل نہیں ہونا چاہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے مسلسل بلا اشتعال فائرنگ اور سیلابی ریلے چھوڑنا حکومت کی کمزور پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ بھارت کو شرارتوں سے روکنے کے لئے موثر جواب دینا ضروری ہے۔ پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کی آخری امید گاہ ہے بھارت مسلمانوں کی اس پنا ہ گاہ کو ایک ناکام ریاست بنانے کی سازش کر رہا ہے پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے بعض واقعات کے پیچھے” را“ کا ہاتھ ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے وزیر اعظم نوازشریف کی طرف سے اپنے خطاب میں بھی مسئلہ کشمیر کا خاص طور پر ذکر خوش آئند ہے پاکستان اور بھار ت کے درمیان سرحد کو لکیر قرار دینے کی سوچ کی سختی سے حوصلی شکنی کی ضرورت ہے۔ بغیر اطلاع کے سیلابی ریلہ چھوڑنا بھارت کی طرف سے اعلان جنگ ہے۔ جماعة الدعوة سیلاب سے متاثرہ پریشان حال لوگوں کو کسی صورت بھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”نوائے وقت“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حکومت کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کو شہ ملی۔ اگر ہماری حکومت نے اس کا موثر جواب نہ دیا تو پاکستان آنے والے دنوں میں بہت زیادہ نقصان سے دوچار ہوگا۔ سیلاب پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت سے پنجاب کی لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ حافظ سعید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک جماعة الدعوة اپنا کام جاری رکھے گی۔