حکومت نے آئی ایم ایف کو 39 کروڑ ڈالر کی 19ویں قسط ادا کر دی
حکومت نے آئی ایم ایف کو 39 کروڑ ڈالر کی 19ویں قسط ادا کر دی
اسلام آباد (آئی این پی ++ نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے آئی ایم ایف کو سابقہ قرضے کی 39 کروڑ ڈالر کی 19ویں قسط ادا کردی ، رواں ماہ کے دوران حکومت آئی ایم ایف کو 68 کروڑ ڈالر کی تین اقساط ادا کرچکی ہے جبکہ 20ویں قسط 27 ستمبر کو ادا کرنا ہے۔ سٹیٹ بنک کے مطابق آئی ایم ایف کو قرضہ کی مسلسل ادائیگی سے ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی کا خطرہ ہے۔ واضح رہے آئی ایم ایف کو رواں ماہ کے دوران مسلسل ادائیگیوں کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کافی دباﺅ میں آگئے ہیں۔ دوسری جانب آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 4 ستمبر کو ہو گا جس میں پاکستان کی 7.3 ارب ڈالر کے نئے قرضے کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔ اقتصادی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر آئی ایم ایف نے نئے قرضے کے لئے حکومت کی درخواست منظور کرلی تو زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل گراوٹ کے عمل میں ٹھہراﺅ آجائے گا روپے کی قدر مستحکم ہو گی جب کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں نئے قرضے کے لئے پاکستان کی درخواست منظور ہونے کے امکانات کافی روشن ہیں۔ چولائی 2011 سے اب تک پاکستان نے 5 ارب ڈالر سے زائد کی رقم ادا کر دی ہے جب کہ ستمبر 2015 تک 3 ارب ڈالر سے زائد کی رقم ادا کرنا ہے۔
آئی ایم ایف/قسط