ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ لاہور میں شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی قومی باکسنگ ٹیم کے انتخاب کے لئے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ یہاں واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں سوموار کے روز شروع ہوگیا۔ ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ الماتے قازقستان میں 17سے27اکتوبر تک ہوگی۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین نے بتایا کہ کیمپ کے پہلے روز 19 کھلاڑیوں نے کیمپ میں رپورٹ کردی اور باقی دو کھلاڑی بھی جلد ہی کیمپ میں رپورٹ کر دیں گے۔ کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں 49کلوگرام کیٹگری میں محب بلوچ، احمد علی، عیسیٰ خان، محمد ثاقب، 52کلوگرام کیٹگری میں محمد وسیم، محمد امام، وسیع اللہ، 56 کلوگرام کیٹگری میں نادر بلوچ، محمد شفیع، 60کلوگرام میں میر بلاگ، حمزہ خان، 64 کلوگرام کیٹگری میں عامر خان، محمد سردار، وقار خان، 69کلوگرام میں حمزہ بٹ، عبدالمالک، 75کلوگرام میں گل شیر، 91 کلوگرام میں سمیع اللہ اور 90کلوگرام سے زیادہ میں میر وائض شامل ہیں۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دو باکسر محمد آصف اور محمد رضا ذاتی مسئلہ کی وجہ سے کیمپ میں شرکت نہیں کر سکے وہ آئندہ چند دنوں تک کیمپ کو جوائن کرلیں گے۔ اقبال حسین نے کہاکہ ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں 125ممالک کے باکسرز حصہ لیں گے۔ پاکستانی باکسر کو کیمپ میں بہترین ٹریننگ مہیا کی جائے گی تاکہ ان کے میڈل جیتنے کے امکانات روشن ہو سکیں ۔ چیمپئن شپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے دنیا کے مختلف ممالک قازقستان میں اپنے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے لئے بھجوا رہے ہیں اور پاکستان کی باکسنگ ٹیم کے منتخب کردہ دو ارکان جلد ہی قازقستان میں دنیا کے دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیم کے کپتان محمد وسیم (52کلوگرام) اور نادر بلوچ (56کلوگرام) کو قازکستان بھجوانے کے لئے منتخب کیا گیا۔ لاہور میں ہونے والے تربیتی کیمپ میں کیمپ کمانڈنٹ علی بخش، کوچ محمد طارق اور طارق گجرنے کھلاڑیوں کے سٹیمنا، سکلز اور تکنیک کو بہتر بنانے کے لئے ٹریننگ کروائی۔ سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بتایا کہ وہ کیمپ کا باقاعدگی سے دورہ کریں گے۔ کیمپ کا اختتام 5 اکتوبر کو ہوگا اور قومی باکسنگ ٹیم 10 اکتوبر کو الماتے روانہ ہوگی۔