وزیر اعلیٰ بلوچستان کا نجی ٹی وی کیخلاف مقدمہ واپس لینے کا اعلان
کوئٹہ (اے پی پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نجی ٹیلی ویژن چینل کے خلاف گذشتہ روز کوئٹہ میں درج ہونے والی مقدمے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کے لئے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی میں وزیر اعلیٰ نے نجی ٹی وی چینل کے خلاف درج ہونے والے مقدمے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ روز انہیںاس مقدمے کی اطلاع فون پر سینٹر اعتزاز احسن نے دی جس کے بعد متعلقہ افسروں سے پوچھ گچھ کی گئی تو بتایا گیا کہ یہ مقدمہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں درج کیا گیا تاہم عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار نے حکومتی نمائندے کو طلب کر کے واضح کیاکہ عدالت نے ایسے کوئی احکامات جاری نہیں کئے۔ وزیر اعلیٰ نے ایوان میں نجی ٹیلی ویژن چینل کی انتظامیہ سے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور ماضی میں بھی اگر صحافیوں پر کوئی مقدمات قائم کئے گئے ہیں تو ان کا بھی کیس ٹو کیس جائزہ لیا جائیگا اور اس ضمن میں اگر کوئی عدالتی احکامات نہ ہوئے تو یہ مقدمات بھی واپس لے لیئے جائیں گے۔