ایران کی پاکستان اور افغانستان کو مسائل کے حل کیلئے تعاون کی پیشکش
تہران (اے این این+این این آئی+ثناءنیوز) ایرا ن نے پاکستان اور افغانستان کو دوطرفہ مسائل کے حل کےلئے اپنے تعاون کی پیش کردی ۔ ایرانی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس ارقچی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ایران نے ہمیشہ خطے کے مسائل کے حل اور امن و استحکام کیلئے علاقائی ملکوں کے درمیان دوطرفہ و کثیرالجہتی مذاکرات کی حمایت کی۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں قیام امن کےلئے ایران کسی بھی کاوش کا خیر مقدم کرے گا کیونکہ پاکستان اور افغانستان میں امن کا قیام خود ایران کے مفاد میں ہے۔ ہم اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔ دونوں ملکوں میں بدامنی یا عدم استحکام ہمارے لئے باعث تشویش ہے۔