ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی‘ بلے بازوں کو مشکل صورتحال میں اچھا کھیلنے کی عادت ڈالنا ہو گی: منصور رانا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سنگاپور میں منعقد ہونے والے ایمرجنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کے 7 کھلاڑی بابر اعظم، احسان عادل، رضا حسن، عمر صدیق، عثمان صلاح الدین، عثمان قادر اور بلاﺅل بھٹی منیجر و کوچ منصور رانا کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے۔ وطن واپس پہنچنے پر ایمرجنگ ٹورنامنٹ انڈر23کی رنراپ ٹیم کے منیجر و کوچ منصور رانا کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑیوںنے تمام میچز میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ بلے بازوں کو مشکل صورتحال میں اچھا کھیلنے کی عادت ڈالنا ہو گی۔ ٹیم کی اوور آل کاکردگی بہتر رہی مگر بابراعظم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ دوسرے بھی کچھ کھلاڑی اچھے ہیں جو قومی ٹیم میں جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل قومی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی صہیب مقصود اور ذوالفقار بابر ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام پر پاکستان واپس لوٹ آئے۔ زمبابوے سے وطن واپس لوٹنے کے بعد ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صہیب مقصود اور ذوالفقار بابر کا کہنا تھاکہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کمبی نیشن بہت اچھا تھا ٹریننگ کیمپ میں بھی ہم نے تیاری کی تھی مضبوط باﺅلنگ اور زمبابوے کے حالات سازگار ہونا بھی فائدہ مند ثابت ہوا۔ انہوںنے کہا کہ میرا کام کھیلنا ہے سلیکٹرز میرے بارے میں بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں مجھے جو موقع ملا اس پر بہت خوشی ہے۔ صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی ٹیم اتنی کمزور نہیںتھی نہ ہی ٹی ٹونٹی میں کوئی ٹیم کمزور ہوتی ہے گو کہ ان کے نمایاں دو تین کھلاڑی نہیں کھیل رہے تھے زمبابوے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن ان کی باﺅلنگ لائن کمزور رہی۔ سیریز کے اگلے میچز میں بھی پاکستان ہی فیورٹ ہوگا۔