قومی ہاکی ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھے : آصف باجوہ ‘رانا مجاہد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل تین کامیابیوں پر سابق اولمپیئنز نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، سیمی فائنل اور فائنل میچ میں کھلاڑیوں کو کھیل میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنا چاہیے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ قومی ٹیم کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ابھی تک تین میچوں میں ٹیم توقعات پر پورا اتری ہے، سیمی فائنل اور فائنل میں دو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا ردھم برقرار رہا تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ایشیا کپ کا ٹائٹل پاکستان ٹیم کے نام ہو جائے گا۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اب تک تین میچوں میں جو کھیل پیش کیا ہے اس میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کے ساتھ ساتھ ان کا ردھم اچھا دکھائی دیا ہے، قوم کھلاڑیوں کے حق میں دعا کرئے کہ اگلے میچز میں بھی اﷲ تعالیٰ ہمارے کھلاڑیوں کی مدد کرئے تاکہ سیمی فائنل اور فائنل میچ میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔ لمبے عرصہ کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں میں تال میل دکھائی دیا ہے۔