• news

ایشیا ہاکی کپ : پاکستان نے چائنیز تائپے کو 13-0 سے شکست دے دی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے چائنیز تائی پی کو صفر کے مقابلے میں 13 گول سے شکست دیدی۔ سیمی فائنل میں مقابلہ کوریا سے ہو گا۔ گرین شرٹس کی ٹورنامنٹ میں یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان پول میں سرفہرست رہا۔ قومی ٹیم نے حریف ٹیم کیخلاف پہلے ہاف میں 3 گول کئے۔ شکیل عباسی، کپتان محمد عمران اور رضوان جونیئر نے گیند کو گول کی راہ دکھائی۔ دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور حریف ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور وقفے وقفے سے گیند کو گول کی راہ دکھاتے رہے۔ عبدالحسیم خان نے ہیٹ ٹرک کے ساتھ تین گول کئے، شفقت رسول، محمد عمران، رضوان جونیئر نے دو دو گول کئے۔ محمد توثیق، محمد عرفان، محمود اور شکیل عباسی نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ قومی ٹیم کی کسی بھی ٹیم کیخلاف ٹورنامنٹ میں سب سے بڑے مارجن کی کامیابی ہے۔ پاکستان کو ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کیلئے یہ ٹورنامنٹ جیتنا لازمی ہے۔ نویں مینز ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں آج آخری لیگ میچوں کے فیصلے ہونگے۔ پہلے میچ میں کوریا کی ٹیم عمان کے مدمقابل ہو گی جبکہ دوسرا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ بھارت کی ٹیم ایونٹ میں پہلے ہی مسلسل دو میچ جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 30 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ ایشین چیمپئن کا فیصلہ یکم ستمبر کو فیصلہ کن معرکے میں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن