• news

جمہوری استحکام کیلئے نواز حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے: صدر زرداری

 ٹنڈوآدم (آئی این پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت کا مستقبل روشن ہے، معاشی استحکام امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نواز حکومت سے تعاون کیا جائے گا۔ وہ منگل کو ٹنڈو آدم میں رکن قومی اسمبلی روشن دین جونیجو کے ظہرانے کے موقع پر وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دے کر جمہوریت کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنایا ہے۔ ہماری منتخب جمہوری حکومت کا آئینی مدت پوری کرنا اور سویلین صدر کا جمہوری انداز میں رخصت ہونا پیپلز پارٹی کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری استحکام، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے نواز حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے  این اے 235کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر شازیہ مری کو مبارکباد دی اور انکی رہائش گاہ پر ٹی پارٹی میں بھی شرکت کی۔ صدر آصف زرداری کی ضلع سانگھڑ آمد پر   سکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کئے گئے تھے۔ صحافیوں کو پاس جاری کئے جانے کے باوجود کیمرے، موبائل فونز اور قلم لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ صدر مملکت کو سنجرجونیجو میں روشن جونیجو کی رہائش گاہ پر خفیہ راستے سے اندر لایا گیا۔دریں اثناء  آن لائن کیمطابق صدر آصف زرداری مختصر دورے پر خصوصی جہاز میں نواب شاہ پہنچے اس موقع پر ائر پورٹ پر ڈپٹی کمشنر مزمل حسین ہالی پوٹو، ایس ایس پی جاوید جسکانی، علی حسن زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں وہ ہیلی کاپٹر پر آبائی قبرستان پہنچے جہاں انہوں نے اپنے والد حاکم علی زرداری اور والدہ بلقیس بیگم کی قبروں پر پھولوںکی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹنڈوآدم کے لئے روانہ ہوگئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن