• news

اڑیسہ : مائو علیحدگی پسندوں کا بم حملہ‘ 4 بھارتی فوجی ہلاک

کولکتہ (بی بی سی) بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع کوراپٹ میں گزشتہ صبح مشتبہ ماؤ نواز علیحدگی پسندوں کی طرف سے کئے گئے ایک دھماکے میں بارڈر سکیورٹی فورسز کے 4  اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 2 دیگر جوان شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دھماکے میں 4  اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ریاست کے پولیس ڈائریکٹر جنرل پرکاش مشرا نے کہا کہ واقعے کے بارے میں خبر ملتے ہی کوراپٹ سے پولیس کی ایک ٹیم جائے حادثہ کے لئے روانہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ماؤ نواز علیحدگی پسندوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ حملے میں زخمی ہوئے جوانوں کو فوری طور پر سونکی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا لیکن حالت نازک ہونے کی وجہ سے انہیں وشاکھاپٹنم منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ صبح ساڑھے 7 بجے نیشنل ہائی وے نمبر 26 پر سونکی وادی کے رالے گڈا میں پیش آیا۔ حملے کے وقت بی ایس ایف کی 161 ویں بٹالین کے 18 اہلکار 3 گاڑیوں میں سوار ہو کر کوراپٹ سے وشاکھاپٹنم جا رہے تھے۔ دھماکے میں ایک گاڑی کے مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ باقی 2 گاڑیاں بال بال بچ گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب باغیوں نے کسی قومی شاہراہ پر دھماکہ کیا ہے۔ بھارت کی کئی ریاستوں میں ماؤنواز علیحدگی پسند حکومتی فورسز سے بر سرپیکار ہیں اور پولیس فورسز کے ساتھ اکثر و بیشتر ان کی جھڑپوں کی خبریں آتی رہتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن