مقبوضہ کشمیر : بیج بہاڑہ میں مجاہدین کا حملہ‘ ایک بھارتی فوجی ہلاک
سری نگر/ پونچھ (اے این این) مقبوضہ کشمیر کے علاقے بیج بہاڑہ میں مجاہدین کے حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک‘ ایک زخمی ہوگیا، مجاہدین بھارتی فوجیوں کا اسلحہ بھی لے اڑے ‘ فائرنگ سے بازار میں افراتفری مچ گئی۔ لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے ۔ سرحدی کشیدگی میں اضافے کے باوجود حد متارکہ پر رہائش پذیر لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی گئی ۔ لوگ گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ۔ پٹن میں تیزرفتار سومو گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ۔کپواڑہ میں سکول وین اور ٹرک کے درمیان تصادم میں ٹیچر سمیت 12 بچے زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقے بیج بہاڑہ میں مجاہدین نے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے دن دیہاڑے بازار میں فائرنگ کرکے ایک بھارتی فوجی اہلکار کو ہلاک کردیا واقعہ میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ مجاہدین نے آرونی سے 5کلو میٹر دور آونیرہ زینہ پورہ میں سی آر پی ایف اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا، دوسری طرف پاک بھارت فوجیوں کے درمیان سرحدی کشیدگی کے باوجود حد متارکہ پر رہائش پذیر لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی گئی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی پولیس کے ایک اہلکار نے خود کشی کرلی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس اہلکار نے ضلع کے بیروہ پولیس سٹیشن میں زہریلی شے کھاکر خود کشی کی جس سے جنوری 2007ء سے اب تک مقبوضہ علاقے میںخود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعدادبڑھ کر 283ہوگئی ہے۔