’’الیکشن سے قبل تحریک انصاف نے خیبر پی کے میں افسر تبدیل کئے، ای ڈی او کو تھپڑ مارے‘‘
اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علماء اسلام (ف) نے تحریک انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خیبر پی کے میں انتخابی شیڈول کے بعد اعلیٰ افسروں کے تبادلے اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے من پسند کارکنوں کی تعیناتی نہ کرنے پر ان کیخلاف تشدد کا نوٹس لے۔ قومی اسمبلی میں جے یو آئی (ف) کے اکرم خان درانی نے نکتہ اعتراض پر کہا ضمنی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت نے ڈی سی او اور ٹی پی او کو تبدیل کر دیا۔ ای ڈی او ایجوکیشن کے دفتر پر قبضہ کیا گیا اور اسے تھپڑ مارے گئے۔ اس کا قصور یہ تھا اس نے تحریک انصاف کی طرف سے دی گئی فہرست کی بجائے میرٹ پر اساتذہ کی تعیناتی کرنے کا کہا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا میڈیا کو آزادی دی جانی چاہئے اور نجی ٹی وی چینل کیخلاف درج ایف آئی آر واپس لی جائے۔ جس پر تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا انتخابی عمل میں کوتاہیوں کو دور کرنے کیلئے انتخابی اصلاحات کمیٹی کو فعال کیا جائے۔ تحریک انصاف نے اس ایوان میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے الیکٹورل ریفارمز کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے کہا جمعیت علماء اسلام (ف) کو الیکشن کمشن سے رجوع کرنا چاہئے تھا، ہمارا سسٹم ابھی تک اتنا فعال نہیں اس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ جے یو آئی (ف) کو اس حوالے سے الیکشن کمشن سے رجوع کرنا چاہئے تھا۔