• news

سانحہ بھکر ملک میں اتحاد بین المسلمین کیخلاف سازش ہے: ہارون احمد سلطان

 لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر اوقاف سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ سانحہ بھکر ملک میں اتحاد بین المسلمین کیخلاف سازش  کا حصہ ہے ، تمام مکاتب فکر اپنی صفوں میں امن اور اتحاد کی فضا کو فروغ دیں۔اسلام بے گناہ افراد کے قتل کی اجازت نہیں دیتا، ملک میں اورخصوصاً صوبہ پنجاب میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائیگا۔حکومت پنجاب تمام مکاتب فکر کیساتھ ملکر صوبہ بھر میں بھائی چارے کی فضا کو قائم کرے گی۔سول سیکرٹری ایٹ لاہور میں صوبائی وزیر اوقاف سید ہارون احمد سلطان بخاری نے چاروں مکاتب فکر کے کوآرڈینیٹرز سے سانحہ بھکر اور اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور ملک دشمن عناصر ایک مرتبہ پھر وطن عزیز میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں۔حکومت پنجاب کے نامزد کردہ چاروں مکاتب فکر کے کو آرڈی نیٹر اتحاد بین ا لمسلمین کمیٹی صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،ڈاکٹر عبد الغفور راشد ،مفتی انتخاب نوری  اورحیدر علی مرزا نے سانحہ بھکر اور اسلام آباد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات اسلام اور ملک کو بدنام کرنے کی گہری سازش ہیں ۔تمام مکاتب فکر صبر و تحمل کا مظہرہ کریںاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ تعاون کریں۔اجلاس میںسیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر ثاقب عزیز ،حسن رضوی ڈائریکٹر مذہبی امور حکومت پنجاب نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن