سیلاب میں پھنسے 8500 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا: حافظ عبدالرؤف
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ، ایف آئی ایف کے رضاکاروں کی حالیہ سیلاب کے دوران ملک بھر میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہیں، سیلابی پانی میں پھنسے ساڑھے آٹھ ہزارسے زائد افرادکو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا، 38ریلیف کیمپ قائم کر کے ابتک ڈیڑھ لاکھ سے زائد متاثرین کو پکی پکائی خوراک، 270فری میڈیکل کیمپس میں ساٹھ ہزار سے زائد افراد کو مفت طبی امداد جبکہ کشتیوں، ٹریکٹرٹرالیوں، ربڑ بوٹس سمیت موجود وسائل کو برؤے کار لاکر سیلاب میں پھنسے ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈیڑھ ہزار سے زائد خاندانوں میں ایک ماہ کا خشک راشن بھی تقسیم کیا جا چکا ہے، خشک راشن میں آٹا، گھی، چاول، چینی، دالیں اوردیگر اشیائے ضروریہ و خوردونوش بھی شامل ہیں جبکہ بچوں اور بیماروں کیلئے جوسز، دودھ اور بسکٹ سمیت دیگر اشیاء کے تقریباًسترہ سو سے زائد کارٹن بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ چیئرمین فلاح انسانیت فاؤنڈیشن حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ ابتک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد تک پکا پکایا کھانا پہنچایا جا چکا ہے۔ سیلاب کے ساتھ آنے والی بیماریوں کے سدباب کیلئے لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، حافظ آباد، قصور، جھنگ، چنیوٹ، ملتان سمیت دیگر علاقوں میں ابتک دو سو ستر میڈیکل کیمپوں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے، جن میں تقریباً ساٹھ ہزار سے زائد متاثرین کو مفت طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔