• news

الیکشن کمشن نے پی پی 150 کے ضمنی الیکشن کے نتائج روک دیئے‘ تین روز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

الیکشن کمشن نے پی پی 150 کے ضمنی الیکشن کے نتائج روک دیئے‘ تین روز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

اسلام آباد + لاہور (اپنے نامہ نگار سے +اے این این) الیکشن کمشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 لاہور کے ضمنی الیکشن کے نتائج روک دئیے‘ ریٹرننگ آفیسر کو تین روز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔ فیصلہ تمام امیدواروں کا م¶قف سننے کے بعد کیا گیا‘ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے میاں مرغوب احمد نے تحریک انصاف کے مہر واجد عظیم کو 376 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ سماعت الیکشن کمشن میں ہوئی۔ اس موقع پر حلقے کے تمام امیدوار موجود تھے جنہیں الیکشن کمشن کی طرف سے خصوصی طور پر طلب کیا گیا تھا۔ الیکشن کمشن نے امیدواروں کا م¶قف سننے کے بعد ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے کے نتائج روکنے اور تین روز میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ اس حلقے میں ضمنی الیکشن میں 11 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ میاں مرغوب احمد نے 18870‘ مہر واجد عظیم نے 18494 ووٹ لئے تھے۔ مہر واجد عظیم نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی دوبارہ درخواست دی تھی جسے متعلقہ آفیسر نے مسترد کر دیا تھا جس پر تحریک انصاف نے مال روڈ لاہور پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا بھی دیا تھا جس کے بعد الیکشن کمشن نے ازخود نوٹس لے کر تمام امیدواروں کو طلب کیا تھا۔ اے پی اے کے مطابق سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ رزلٹ ترتیب دیتے وقت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے زیادہ ووٹ لکھے گئے 59 کو 159 ووٹ لکھا گیا۔
پی پی 150

ای پیپر-دی نیشن