گوجرانوالہ : زمین کے تنازعہ پر دو بھائیوں سمیت چار قتل‘ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک حملہ آور بھی ہلاک
گوجرانوالہ : زمین کے تنازعہ پر دو بھائیوں سمیت چار قتل‘ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک حملہ آور بھی ہلاک
گوجرانوالہ+سادھوکی (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) نواحی علاقہ کلوکلاں میں زمین کے تنازعہ پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دوسگے بھائیوں سمیت چار افراد کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر حملہ آورو ںکا ایک ساتھی بھی مارا گیا۔ بتایاگیا ہے کہ واہنڈو کے نواحی علاقے کلو کلاں میں سانگلہ ہل کے رہائشی اظہر سے اشرف نے ساڑھے تین ایکڑ اور عطاءاللہ گروپ کے رضوان نے ڈیڑھ ایکڑ زرعی زمین خرید رکھی تھی لیکن اشرف اور عطاءاللہ گروپ دونوں ہی پانچ ایکڑ زمین کی ملکیت کے دعویدار تھے، اسی باعث دونوں گروپوں کے مابین تنازعہ چل نکلا تھا جبکہ دوسال قبل عطاءاللہ گروپ کے دو سگے بھائی ذیشان اور عثمان بھی اسی دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جس کا مقدمہ اشرف وغیرہ کے خلاف درج ہوا تھا تاہم پولیس تفتیش میں اشرف اور اس کے ساتھی بے گناہ ہو گئے تھے تاہم چند روز قبل بھی دونوں گروپوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر جھگڑا ہوگیا تھا اور واہنڈو پولیس نے دونوں گروپوں کے افراد کو تھانے میںبلا کران کے درمیان مصالحت کروانے کے بعد انہیں اپنی اپنی ملکیتی زمین کاشت کرنے کی ہدایت کی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ روز علی الصبح اشرف اپنے بھائی اصغر‘ چچا بشیر اور کزن گلفام کے ہمراہ اپنی زمین پر مونجی کی کاشت میں مصروف تھے کہ اس دوران موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آنے والے مخالف گروپ کے افراد نے وہاں پہنچ کر اندھا دھند فائرنگ کرکے موقع پر ہی اشرف‘ اصغر‘ بشیر اور گلفام کو قتل کر دیا۔ ادھر پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ان کا اپنا ایک ساتھی رضوان جو کہ شدید زخمی ہوا اور وہ ہسپتال جاتے ہوئے راستہ میں دم توڑ گیا۔
4 قتل