• news

پی سی بی کی جانب سے بیمار عمر اکمل کو ڈاکٹروں نے کلیئر قرار دےدیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیمار قرار دیئے جانے والے عمر اکمل کو ڈاکٹروں نے کلیئر قرار دے دیا میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے دورے سے قبل عمر اکمل کو ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ عمر اکمل بیمار ہیں جس کے بعد عمر اکمل خود پریکٹس سیشن میں پہنچ گئے تھے اور اپنی فٹنس ثابت کرنے کی ٹھان لی تھی بعد ازاں عمر اکمل کا پی سی بی کے ڈاکٹروں نے معائنہ کیا اور پھر انہیں کراچی لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے عمر اکمل کے ٹیسٹ لئے اور معائنے کے بعد اپنی رپورٹ پی سی بی کو ارسال کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رپورٹ میں عمر اکمل کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کا ٹیسٹ ہو گیا ہے جیسے ہی رپورٹ موصول ہونگی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی اجازت سے میڈیا کو بتائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قبل از وقت کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ عمر اکمل کے میڈیکل ٹیسٹ کے حوالے سے کوئی بات بتانے سے گریزاں تھا جبکہ نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بھی دو ہفتوں کے لئے بیرون ملک لندن چلے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن