اوول پچ پر شرمناک حرکات ‘ انگلش کرکٹرز نے معافی مانگ لی
لندن (بی بی سی رپورٹ) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز جیتنے کے بعد اپنے نامناسب روئیے پر معافی مانگی ہے۔اطلاعات کے مطابق انگلیڈ کی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے اوول میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے بعد پچ پر پیشاپ کیا تھا۔خیال رہے کہ ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا اور انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز تین صفر سے جیتی تھی۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایشز سیریز جیتنے کے بعد جوش میں آ گئے تھے اور ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہمارا رویہ نامناسب تھا۔ اگر ہمارے عمل سے کسی کو صدمہ پہنچا ہے تو اس کےلئے ہم معذرت چاہتے ہیں۔ ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ایشز سیریز جیتنے کے بعد جب ہم اس فتح کا جشن منا رہے تھے تو اس وقت اوول کے میدان میں ہمارا ارادہ کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔ ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم کرکٹ سے متعلق ہر چیز کا احترام کریں۔ سپنر گریم سوان نے اخبار ’دی سن‘ میں واقعہ کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے اخبار میں لکھا کہ سیریز جیتنے کے بعد ہم اوول کرکٹ گراو¿نڈ کی پچ پر گئے، سب کھلاڑی خوشی میں گا رہے تھے اور ایک دوسرے کے ساتھ کو انجوائے کر رہے تھے۔ انگلینڈ کی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سٹورٹ براڈ کو ساو¿تھ ہیمپٹن میں آج اس حوالے سے میڈیا کے سوالوں کا سامنا کرنا ہو گا۔