یو ایس اوپن : نووک جو کووچ‘ فیڈرر ‘ ٹومی ہاس‘ کیرولین و زنائیکی بھی دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے
نیویارک (اے پی پی) سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ ‘ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر، جرمنی کے ٹومی ہاس، جرمنی کے بنجمن بیکر، فن لینڈ کے جارکو نمینن، پرتگال کے جاﺅ سوسا اور تائپے کے ین سن لو یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے جبکہ بلغاریہ کے گریگور ڈیمٹرو ابتدائی راﺅنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ امریکہ میں جاری یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے پہلے راﺅنڈ میں ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی، اٹلی کی سیرا ایرانی، اٹلی کی روبرٹا وینسی، روس کی سوتیلانا کزنٹسوا، روس کی ماریا کیری لنکو، روس کی ایلینا ویسنینا اور اٹلی فلاویہ پینی یٹا یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنا شاندار آغاز کرتے ہوئے دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئیں جبکہ جمہوریہ چیک کی کلارا زاکو پالوا ابتدائی راﺅنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ جرمنی کے ڈینیئل برانڈز اور انکے آسٹرین جوڑی دار فلپ اوسوالڈ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز ایونٹ کے دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ انہوں نے ابتدائی راﺅنڈ میں کینی ڈی سچیپر اور انکے جوڑی دار وکٹر ہنسکیو کو شکست دی۔