کشیدگی کے باوجود 29 ستمبر کو نواز، من موہن ملاقات ہو گی: بھارتی میڈیا
کشیدگی کے باوجود 29 ستمبر کو نواز، من موہن ملاقات ہو گی: بھارتی میڈیا
نئی دہلی (اے این این) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم منموہن سنگھ پاکستان کےساتھ کشیدگی کے باوجود آئندہ ماہ نیویارک میں پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کریں گے، حکومتی عہدیداراس نشست کےلئے تیاریاں کر رہے ہیں، ہوٹل کا کمرہ ریزرو کرا لیا گیا ہے۔ ”این ڈی ٹی وی“ کی رپورٹ کے مطابق دونوں وزرائے اعظم کی یہ ملاقات ممکنہ طور پر 29 ستمبر کو ہو گی۔ امریکہ اوریورپی یونین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پاکستان اوربھارت کے وزرائے اعظم کی ملاقات یقینی بنانے کےلئے کوششیں شروع کر دی ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کنٹرول لائن کے حالیہ واقعات سے پیداہونے والی کشیدگی کوکم کیا جا سکے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے وزیراعظم میاں نوازشریف اوران کے بھارتی ہم منصب کے درمیان نیویارک میں ملاقات کرانے کیلئے سرگرم ہے اس ضمن میں اس نے پاکستان اور بھارت کے متعلقہ حکام کے ساتھ باضابطہ طور پر رابطہ بھی کیا یورپی یونین نے بھی یہ عندیہ دیا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے لئے کرداراداکرے گی تاکہ خطے میں جو تناﺅ اور کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اسے دور کیا جا سکے ۔ یورپی ممالک بھی اس بات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں کہ دونوں ملکوں کو یہ موقع کسی بھی صورت میں نہیں گنوانا چاہئے۔ پاکستان اوربھارت کے سابق سفارتکاروں، ادیبوں اور دانشوروں نے بھی دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ملاقات کوضروری قرار دیا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے سابق سفارتکاروں اور دانشوروں نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں‘ پاکستان بھارت کی قیادت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے دونوں وزرائے اعظم آئندہ امریکہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا موقع نہ گنوائیں۔
نواز/منموہن