نیزہ بازی مقابلوں میں 19 تمغے جیتنے والی قومی انڈر 19 ٹیم کا شاندار استقبال
لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ میں نیزہ بازی کے میدان میں جھنڈے گاڑنے والی انڈر 19 ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ۔ لاہور ائرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جنوبی افریقہ میں 7 گولڈ، 8 سلور،4 براونز میڈلزسمیت19 تمغے جیتنے۔ قومی ٹیم نے 50 میں سے 36 ٹائٹل اپنے نام کیے۔ قومی ٹیم میں شامل چاروں کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ نیزہ باز ٹیم میں شامل فضیل احمد، عمر فاروق، نہال خان اور ملک حیدر ٹوانہ کا یہ پہلا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ تھا۔ قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ روانگی سے قبل ہم پر امید تھے اگرچہ ٹیم کے کھلاڑیوں کا سامنا پہلی مرتبہ جنوبی عالمی کھلاڑیوں سے تھا لیکن میدان میں اترتے ہی کھلاڑی اس جذبے سے کھیلے کہ انہیں کھیلتا دیکھ کرسب دنگ رہ گئے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگر نیزہ بازی کے کھیل کو حکومتی سرپرستی مل جائے تو دنیا بھر میں دیگر کھیلوں کی طرح نیزہ بازی میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا جا سکتا ہے۔