قومی اسمبلی : مہاجر ری پبلکن آرمی پر رپورٹ غلط نہیں‘ سپریم کورٹ میں بغیر اجازت پیش کی گئی : نثار
قومی اسمبلی : مہاجر ری پبلکن آرمی پر رپورٹ غلط نہیں‘ سپریم کورٹ میں بغیر اجازت پیش کی گئی : نثار
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت نے مہاجر ری پبلکن آرمی کے خلاف رپورٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ مہاجر ری پبلکن آرمی کا ذکر ایک انتظامی میٹنگ میں ضرور ہوا مگر سپریم کورٹ کو یہ رپورٹ میری اجازت سے نہیں گئی اس لئے سپریم کورٹ سے معذرت کیلئے ڈرافت تیار کر رہے ہیں۔ رپورٹ عدالت سے واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ چودھری نثار نے کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا کہ مہاجر ری پبلکن آرمی سے متعلق رپورٹ غلط ہے، یہ کہا کہ یہ انتظامی اور انٹیلی جنس رپورٹس ہیں۔ یہ ایسی رپورٹس نہیں جنہیں سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے۔ مجھے مجبور نہ کیا جائے کہ میں بتاﺅں کہ آج آدھا کراچی کیوں بند ہے۔ کراچی کے حالات درست کرنے ہیں تو سچ بولنا ہو گا۔ کراچی کے معاملے پر پوائنٹ سکورنگ نہ کی جائے۔ شیخ رشید کی گاڑی پر فائرنگ تشویشناک ہے پولیس نے جو ابتدائی رپورٹ دی ہے اس سے مطمئن نہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے ایوان کو بتایا کہ 24 دنوں میں بھارتی افواج نے کئی مرتبہ ایل او سی کی خلاف ورزیاں کیں اس سال 11افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 8فوجی بھی شامل ہیں، ہم نے بھارت کو مشترکہ تحقیقات کی دعوت دی اور اقوام متحدہ کے ملٹری گروپ نے بھی تحقیقات کرانے کی بات کی۔ دونوں تجاویز بھارت نے مسترد کر دیں۔ مسئلہ کشمیر پر بھارتی رویے میں تضاد ہے۔ قومی اسمبلی کی دفاع اور خارجہ دونوں کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کیا جائے گا انہیں بھی ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی۔ ہم نے کہا ہے کہ شام کی خود مختاری کا احترام کیا جائے شام میں حکومت کی تبدیلی بیرونی مداخلت سے نہیں بلکہ عوام کی خواہشات کے مطابق ہونی چاہئے۔ ڈرون حملے رکوانے کیلئے آئندہ ماہ بات چیت ہوگی۔ افغانستان میں مستقل امن کا خواب اس طرح شرمندہ تعبیر ہوگا جب افغانستان میں خطہ کے ممالک کی مداخلت نہیں ہوگی۔ قطر میں طالبان کے ساتھ مذاکرات ضرور کامیاب ہونگے ہم چاہتے ہیں کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سیاسی و سفارتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں آئندہ سال امریکی فوج رخصت ہورہی ہے اور افغانستان میں الیکشن بھی ہونے والے ہیں اگر افغانستان میں امن قائم نہ ہوا تو پاکستان پر اس کے اثرات پڑیں گے اور ہمیں ایک مرتبہ پھر افغان مہاجرین کی بڑی تعداد کا سامنا ہو گا۔ کرزئی کے دورہ پاکستان سے سرد مہری پر مبنی تعلقات گرمجوشی میںبدل گئے ہیں۔ کرزئی کو بتایا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ایک لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں، بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ دائمی قوتوں کے درمیان مصالحت کرائے اور بھڑکنے والی چنگاریوں کو بجھائے اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو نیو یارک میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات مختلف مواقع پر اتار چڑھاﺅ کا شکار رہے۔ پاکستان نے جان کیری سے کہا ہے کہ سٹرٹیجک مذاکرات بحال کئے جائیں، پاکستان نے امریکہ کے ساتھ ڈرون حملوںکا معاملہ بھی اٹھایا ہے اور کہا ہے کہ یہ ہماری خود مختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا ہے، ڈرون حملے رکوانے کیلئے آئندہ ماہ بات چیت ہوگی۔ شام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شام کی خود مختاری کا احترام کیا جائے اور پاکستان اس بات کا خواہاں ہے کہ شام کے ساتھ معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ طے کئے جائیں۔ روس کی طرف سے سعودی عرب پر حملے کی دھمکی مصدقہ نہیں، نیویارک میں مساجد کو دہشت گرد قرار دینے کی خبر کی نیویارک کے میئر نے تردید کر دی ہے۔ سینٹ کی خارجہ دفاعی امور کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں 3ستمبر کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائیگی۔ وزیر ریلوے نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ جنرل مشرف کے دور میں چین سے غیر معیاری 69 انجن منگوانے والے وزیر اور دیگر ذمہ داروں کیخلاف ریفرنس دائر کرینگے۔ ریلوے کی نجکاری کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ مال بردار ٹرینوں میں نمایاں اضافہ کرکے اس سے حاصل ہونے والی رقم مسافر گاڑیوں پر خرچ کرینگے۔ ریلوے کے بعض انجن اللہ توکل چل رہے ہیں، ارکان اسمبلی بعض جگہوں پر تجاوزات برقرار رکھنے کے لئے دبا¶ ڈال رہے ہیں۔ ریلوے کی بدحالی کے ذمہ دار سرکاری افسران کے ساتھ سابق وزرا کو بھی جیل جانا چاہئے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ پی آئی اے کے پاس 22 طیارے اور 6 سو پائلٹ ہیں جبکہ عملہ کی تعداد 19 ہزار ہے، وزیراعظم نے پی آئی اے کو اپنے خراب طیارے قابل استعمال بنانے کیلئے 12 ارب 70 کروڑ روپے کا پیکج دیا ہے جس میں سے 7 ارب مل چکے ہیں۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ایوان کو یقین دلایا کہ پی آئی اے سے پیپلز پارٹی سے وابستگی کی بنا پر کسی کو ملازمت سے برخاست نہیں کیا جائے گا۔ رائٹ سائزنگ شفاف انداز میں پالیسی کے مطابق کی جائے گی۔ اسمبلی میں انتخابی قوانین اور سروس ٹربیونلز کے ترمیمی بل پیش کروائے گئے۔ علاوہ ازیں ضمنی انتخابات مےں کامےاب 8 نومنتخب ارکان قومی اسمبلی نے جمعہ کو حلف اٹھا لےا ہے تےن کا تعلق مسلم لےگ (ن) دو کا پےپلز پارٹی اےک کا اے این پی، تحرےک انصاف سے ہے ۔ سپےکر قومی اسمبلی سردار اےاز صادق نے نو منتخب ارکان سے حلف لےا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔
قومی اسمبلی