ایشیا ہاکی کپ میں شکست، کپتان عمران نے قوم سے معافی مانگ لی
ایپوہ (این این آئی) پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ ایشیاکپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں شکست سے زیادہ دکھ ور لڈکپ میں رسائی حاصل نہ کرنے کا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ قوم سے اس ناکامی پر معذرت خواہ ہیں۔ سیمی فائنل میں ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی، گول کے بعض مواقع بھی ضائع ہوئے جس کا خمیازہ شکست کی صورت میں برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی مگر اہم میچ میں ٹیم اس پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کر سکی جس کی اس توقعات تھی۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان نے کہا کہ ٹیم کی پرفارمنس میچ پلان کے مطابق نہیں رہی۔ پاکستان میں ہاکی کے بہتر مستقبل کے لئے ہمیں طویل مدت حکمت عملی تیار کرنا ہوگی، ملک میں ہاکی کھلاڑیوں کی تعداد کم ہے مگر ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔