• news

یو ایس اوپن : سرینا ولیمز‘ نالی ‘ آگنیسکاراڈو نسکا پری کواٹر فائنل میں پہنچ گئیں

نیویارک(اے پی پی) دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز، نا لی، آگنیسکا راڈونسکا اور جلینا جانو وکز یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ لارا روبسن، کائیا کنیپی اور جائی زینگ شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ امریکہ میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے تیسرے راﺅنڈ میچ میں امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے حریف قزاخستان کی کھلاڑی یروسلاوا شیودووا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-1 سے شکست دی ۔ چین کی نا لی نے برطانوی لارا روبسن کو 6-2 اور 7-5 سے ہرا یا۔ پولینڈ کی آگنیسکا راڈونسکا نے روس کی پولو چینکووا کو سخت مقابلے کے بعد زیر کر کے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سربیا کی جلینا جانووکز حریف جاپان کی کھلاڑی کے خلاف فتح یاب رہیں۔ اولمپک چیمپئن اور دفاعی چیمپئن اینڈی مرے اور نوویک جوکووچ تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ لائٹن ہیوٹ، مارکوس بغداتس بھی دوسرا راﺅنڈ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔ اینڈی مرے نے ارجنٹائن کے لیونارڈو میئر کو 7-5، 6-1، 3-6 اور 6-1 سے زیر کیا۔ سربین سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے جرمنی کے بنجامن بیکر کو 7-6، 6-2 اور 6-2 سے ہرا کر تیسرے راﺅنڈ تک رسائی حاصل کی۔ آسٹریلوی سٹار پلیئر لائٹن ہیوٹ نے ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 6-4، 5-7، 3-6، 7-6 اور 6-1 سے زیرکیا ۔ مارکوس بغداتس، ٹومی ہاس، فلورین میئر، اینڈرس سیپی، ڈینس اسٹومین فتح یاب رہے۔ مائیک برائن اور باب برائن پر مشتمل امریکن جوڑی نے ڈبلز ایونٹ کے تیسرے راﺅنڈ کےلئے کوالیفائی کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن