• news
  • image

شمالی وزیرستان : کرفیو کے دوران سیکورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملہ‘ 9 اہلکار جاں بحق‘ 21 زخمی

شمالی وزیرستان : کرفیو کے دوران سیکورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملہ‘ 9 اہلکار جاں بحق‘ 21 زخمی

میرانشاہ/ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں افغان سرحد کے قریب کرفیو کے دوران گشت پر مامور سیکورٹی فورسزکی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ میں 9 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے، گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، واقعہ کے بعد مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، تحصیل دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی گشت کررہے تھے کہ اس دوران بویا کے علاقے میں شدت پسندوں نے سڑک پر نصب کو ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 9اہلکار جاں بحق اور21زخمی ہوگئے۔ دھماکہ شمالی وزیرستان میں کرفیو کے دوران کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بم دیسی ساختہ تھا۔ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے جسد خاکی ملٹری ہسپتال میرانشاہ منتقل کردیئے گئے ہیں جہاں سے انہیں آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔ جرمن میڈیاکی رپورٹ کے مطابق فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ بیس موٹر گاڑیوں پر مشتمل یہ فوجی قافلہ دتہ خیل سے میرانشاہ جا رہا تھا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا تاہم فوری طور پر کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ میرانشاہ کے ایشیاءسیکورٹی فورسز چیک پوسٹ پر بھی نامعلوم سمت سے ایک راکٹ فائر کیا گیا تھا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
شمالی وزیرستان

epaper

ای پیپر-دی نیشن