ون ڈے رینکنگ : محمد حفیظ آل راﺅنڈرز میں سرفہرست ‘ سعید اجمل ‘ جنید ‘ عبدالرحمن کی ترقی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کی تازہ رینکنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کے محمد حفیظ آل راونڈرز میں نمبر ون کی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ سعید اجمل باولنگ میں دو درجہ ترقی کے بعد نمبر تین کی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف ایک روزہ سیریز 2-1 سے جیتنے کے باوجود پاکستان ٹیم کی رینکنگ کا ایک پوائنٹ کم ہو گیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم ون ڈے کرکٹ میں 102 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر براجمان تھی جبکہ تازہ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن کے ساتھ اس کے پوائنٹس کی تعداد 101 ہو گئی ہے۔ آئی سی سی ون ڈے تازہ رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبہ میں ٹاپ ٹین میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ مصباح الحق 772 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ محمد حفیظ کے زمبابوے کے خلاف تین میچوں میں 232 رنز بنائے جس کی بنا پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ 17 درجے ترقی کے بعد بیٹنگ میں نمبر 31 کی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ناصر جمشید 33 ویں جبکہ سابق کپتان شاہد آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد 48 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ باولنگ کے شعبہ میں سعید اجمل دو درجہ ترقی کے بعد نمبر تین کی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ جنید خان 6 درجہ ترقی کے بعد 26 ویں، عبدالرحمان 25 درجے ترقی کے بعد 50 ویںنمبر پر جبکہ شاہد آفریدی 5 ترجے تنزلی کے بعد 32 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ آل راونڈرز کیٹگری میں پاکستان کے محمد حفیظ چار درجے ترقی کے بعد نمبر ون کی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔