کراچی میں آپریشن کیلئے پولیس ہی کافی ہے: خورشید شاہ
سکھر (آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کے لئے پولیس ہی کافی ہے، کسی کی حکومت گرانے کی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو گا تو پوچھیں گے لوڈشیڈنگ کیوں ختم نہیں ہوئی۔ وہ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جو لوگ کراچی میں فوج بلانے کے مخالف تھے۔ اب چند گرفتاریوں پر ان کی چیخ و پکار شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا کام گلی کوچوں میں آپریشن کرنا نہیں رینجرز بھی ہے مگر اس کے لئے پولیس ہی کافی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو گا تو پوچھیں گے لوڈشیڈنگ کیوں ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ویلفیئر سٹیٹ ہونا چاہئے کمرشل نہیں۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور عمران خان کی پرانی دوستی ہے ہم کسی کی حکومت گرانے کی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔