عسکریت پسندوں کوافغان عوام کی اموات کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا: حامد کرزئی
کابل (اے پی پی) صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کوافغان عوام کی اموات کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا۔افغان میڈیا کے مطابق مختلف حصوں میں ان حملوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ تازہ ہلاکتوں کے پس منظر میں افغان صدر کا یہ مؤقف ان کے طالبان باغیوں کے بارے میں اب تک دیئے جانے والے سخت ترین بیانات میں سے ایک ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے عمر دائودزئی کو نیا وزیر داخلہ مقرر کر دیا ہے۔ اتوار کو افغان صدر حامد کرزئی نے فیصلے کا اعلان کیا جس کے مطابق سابق وزیر داخلہ غلام مجتبیٰ پسنگ کی جگہ عمر دائود زئی کو وزیر داخلہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ افغان پولیس چیف جنرل ایوب سانگی کو نائب وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے۔ نئے وزیر داخلہ عمر دائود زئی پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔