پیپلز پارٹی کے ختم ہونے کا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں: لطیف کھوسہ
پیپلز پارٹی کے ختم ہونے کا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں: لطیف کھوسہ
لاہور (این این آئی) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل و سابق گورنر لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران عوام کو بڑے بڑے خواب دکھانے والے آج نظریں چرا رہے ہیں ‘ موجودہ حکومت نے تین ماہ میں جس رفتار سے مہنگائی کی ہے کم از کم پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں اسکی کوئی مثال نہیں ملتی ‘ پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں انشا اللہ جلد پارٹی کو دوبارہ منظم کیا جائے گا ۔ ایک انٹر ویو میں لطیف کھوسہ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری مفاہمت کی پالیسی کے تحت سب کو ساتھ لیکر چلے او رملک میں جمہوریت کی نئی روایات قائم کیں۔ ملک میں جمہوری حکومت کا اپنی مدت مکمل کرنا اور اسکے بعد پر امن طور پر انتقال اقتدار پیپلز پارٹی اور اسکے اتحادیوں کا بڑا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انشا اللہ جلد دوبارہ پیپلزپارٹی کو منظم کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ نئی حکومت نے اپنے قیام کے تین ماہ میں مہنگائی میں اضافے کے جو کارنامے سر انجام دئیے ہیں اس سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں ، ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انکے ساتھ ملکر حکومتی فیصلوں کے آگے بند باندھیں گے ۔
لطیف کھوسہ