اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مشرف کیخلاف لال مسجد کے سابق نائب خطیب عبدالرشید غازی کے قتل کا مقدمہ درج
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مشرف کیخلاف لال مسجد کے سابق نائب خطیب عبدالرشید غازی کے قتل کا مقدمہ درج
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر لال مسجد کے سابق نائب خطیب غازی عبدالرشید کے قتل کا مقدمہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف درج کر لیا گیا۔ گذشتہ روز اسلام آباد پولیس حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو درخواست گذار ہارون الرشید کے کونسل طارق اسد نے م¶قف اختیار کیا کہ فاضل عدالت نے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو حکم دیا تھا کہ وہ سابق نائب خطیب لال مسجد غازی عبدالرشید اور ان کی والدہ کے قتل کا مقدمہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف درج کرے تاہم متعدد بار درخواستوں کے باوجود مذکورہ مقدمے کا اندراج نہ کیا گیا جو کہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا فاضل عدالت پولیس حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔ وفاقی پولیس نے اپنی پیش کردہ رپورٹ میں م¶قف اختیار کیا کہ اس معاملہ پر سابق صدر کے خلاف مقدمہ نہیں بنتا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او آبپارہ کو کمرہ عدالت میں بٹھا لیا اور حکم دیا کہ ماتحت عملہ یہیں بلا کر مقدمہ درج کیا جائے۔ جسٹس نورالحق کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ درج نہ کرنا توہین عدالت ہے، عدالتی حکم پر پولیس نے تین صفحات کی ایف آئی آر درج کی، ایف آئی آر میں اقدام قتل اور اعانت جرم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مشرف کے خلاف مقدمہ نمبر 2013\325 ہے، مقدمہ درج ہو جانے پر عدالت نے توہین عدالت کی درخواست تو نمٹا دی لیکن ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا جب عدالتی حکم آ گیا تو پھر ہینکی پھینکی کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ جسٹس نورالحق قریشی نے پوچھا آپ نے کبھی کسی کیس میں سیکرٹری سے پوچھا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا جائے یا نہیں، اگر موجودہ صدر کے خلاف آپ کے پاس کوئی شکایت لے کر آئے تو کیا آپ صدر سے پوچھیں گے۔ جسٹس نورالحق قریشی نے کہا ایس ایچ او کو ذاتی طور پر بھی پتہ ہو کہ مقدمہ جھوٹا ہے تب بھی وہ مقدمہ درج کرنے کا پابند ہے، تکنیکی معاملات طے کرنا عدالت کا کام ہے، جب کوئی فریادی آئے تو آپ کے فرائض میں شامل ہے کہ مقدمہ درج کریں۔
مشرف / مقدمہ