• news
  • image

پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ اوگرا نے کیا: شاہد خاقان

پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ اوگرا نے کیا: شاہد خاقان

کراچی + اسلام آباد (آن لائن + این این آئی) وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اوگرا نے کیا اور یہ ایک مجبوری تھی۔ وزیر پٹرولیم کا ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اگر یہ قیمتیں نہ بڑھاتے تو اس کے دوررس منفی اثرات مرتب ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اوگرا کی تجویز کے باوجود ڈیزل کی قیمتوں میں آدھا اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فارمولا ہم نے نہیں بنایا، کئی برسوں سے رائج ہے، حکومت کے مالی معاملات ایسے نہیں کہ تمام سبسڈی خود برداشت کر لیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوتے ہی یہاں بھی عوام کو ریلیف دیں گے۔ دریں اثناءایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ہر صورت عمل ہو گا، سردیوں میں گھریلو صارفین کو کھانے پکانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وہ اِسی ماہ ایران جائیں گے اور اپنے ایرانی ہم منصب سے گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد اور گیس کی قیمت پر بات کریں گے۔ وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہو گی، گیس چوری کی روک تھام کیلئے بھاری سزاﺅں پر مبنی آرڈیننس جلد آجائے گا۔ عمران خان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کی بجائے قابل عمل حل بتائیں، اس پر عمل درآمد کرنے کو تیار ہیں۔
شاہد خاقان عباسی

epaper

ای پیپر-دی نیشن