• news
  • image

اقوام متحدہ یکطرفہ جارحیت روکے : شام حملہ سے کشیدگی بڑھے گی : چین

اقوام متحدہ یکطرفہ جارحیت روکے : شام حملہ سے کشیدگی بڑھے گی : چین

بیروت (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) شامی حکومت نے اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے جس میں شامی حکومت نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شام کے خلاف کسی بھی ممکنہ جارحیت کو روکا جائے۔ اقوام متحدہ میں شام کے سفیر کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے انٹرنیٹ سے دہشت گردی کی جعلی تصاویر حاصل کیں۔ ان تصاویر کی بنیاد پر شامی حکومت کیخلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ این این آئی کے مطابق شام میں حکومت نے کہا ہے کہ کسی قسم کی امریکی فوجی مداخلت القاعدہ اور اس کے حلیفوں کی مدد کرنے کے مترادف ہو گی۔ شامی نائب وزیرِ خارجہ فیصل مقداد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ شامی فوج نے نہیں بلکہ امریکی حمایت یافتہ مسلح گروہوں نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے، کسی قسم کی امریکی فوجی مداخلت القاعدہ اور اس کے حلیفوں کی مدد کرنے کے مترادف ہو گی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے وفد نے شامی صدر بشارالاسد سے ملاقات کر کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ شام پر حملہ ایران پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ ایرانی پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ علاﺅ الدین بروجردی کی سربراہی میں ارکان پارلیمنٹ کے وفد نے دمشق میں شامی صدر بشارالاسد، وزیراعظم ویئل الخالقی اور وزیر خارجہ ولید المعلم سے ملاقات کی۔ شام میں ممکنہ امریکی حملے کیخلاف اس کے سفارتخانے کے سامنے ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امریکہ مخالف نعرے بھی لگائے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت دمشق میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ امریکی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کرتے رہے جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے انہوں نے امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔ چین نے شام کے خلاف کسی بھی یکطرفہ فوجی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ملک میں تشدد کو مزید فروغ ملے گا۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو شام میں حملے سے قبل ملک میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے ٹھوس شواہد منظر عام پر لانے چاہئیں۔ شام کے خلاف امریکہ کا یکطرفہ حملہ کشیدگی کو مزید ہوا دے گا۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام میں خانہ جنگی کے باعث ایک لاکھ افراد ہلاک جبکہ 80 لاکھ سے زائد ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ ممکنہ امریکی حملے کے خوف کے باعث نقل مکانی کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ شام میں گذشتہ دو سال کے دوران ایک لاکھ افراد کی ہلاکت ایک خوفناک اور افسوسناک ریکارڈ ہے۔ شام میں خانہ جنگی کے باعث خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت کا شام کے خلاف فوجی کارروائی کیلئے پارلیمنٹ میں دوبارہ ووٹ کے لئے جانے کا بالکل ارادہ نہیں ہے۔ شام کے دارالحکومت دمشق میں مختلف تنظیموں نے انسانی ڈھالیں بنانے کی مہم شروع کر دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ مہم ان مقامات پر شروع کی گئی ہے جنہیں امریکی حملوں میں نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ اس مہم کو ”ہماری لاشوں پر“ کا نام دیا گیا ہے۔ مہم کے پہلے دن شرکا نے شام کے تمام شہریوں کو انسانی ڈھال بنانے کی دعوت دی۔ مہم میں اداکاروں اور کھلاڑیوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کر رہے ہیں۔ ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ شام کے خلاف کسی بھی بین الاقوامی فوجی مداخلت کا مقصد صدر بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ استنبول میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم صرف شام کے صدر کے خلاف کارروائی پر زور دیں گے، آئندہ ہفتے جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران صدر اوباما اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے دوطرفہ بات چیت کریں گے۔ ترکی کے وزیراعظم نے شام کے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا۔ شام کی حکومت کے حامی ر وسی صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکہ کو چیلنج کیا ہے کہ اگر اس کے پاس شواہد ہیں تو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کرے۔ اگر امریکہ جنرل اسمبلی میں شواہد پیش نہیں کرتا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اس کے پاس شواہد نہیں۔ نیٹو کے سربراہ آندرے فوگ راسموسین نے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس بات کے قائل ہو گئے ہیں کہ بشار الاسد حکومت نے دمشق کے قریب کیمیائی ہتھیار استعمال کئے اور یہ بھی سمجھتا ہوں کہ شامی حکومت اس کی ذمہ دار ہے۔ دریں اثناءایک رپورٹ کے مطابق روس نے بحیرہ اسود سے جاسوسی جہاز شامی بندرگاہ پر بھیج دیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے خبردار کیا ہے کہ شام پر امریکی حملے کے باعث جنیوا مجوزہ امن کانفرنس کے امکانات ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گے۔ چین کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شام پر یکطرفہ حملہ سے کشیدگی بڑھے گی۔ شام کے صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ شامی فوج پر کیمیائی حملے کا الزام لگانا غیر منطقی بات ہے۔ فرانسیسی اخبار سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فرانس نے شام کے خلاف فوجی مداخلت کی تو وہ دشمن ملک بن جائے گا اور اس کا مفاد خطرے میں پڑ جائے گا۔ تمام خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ جائے گا، حملے کے منفی نتائج مرتب ہوں گے۔ چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ نے ہمیں شام میں کیمیائی حملے کے بارے میں بریفنگ دی ہے۔ شام کے اپوزیشن گروپ دی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی فار ڈیموکریٹ چینج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شامی حکمرانوں نے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے تاہم وہ غیر ملکی حملے کی مخالف ہے۔ روس نے کہا ہے کہ شام کے خلاف کانگرس ووٹ کے معاملے پر اپنا وفد امریکہ بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور وزیر دفاع چک ہیگل آج خارجہ امور کمیٹی کے سامنے بیان دیں گے۔ صدر اوباما نے شام پر حملے کیلئے اپوزیشن ری پبلکن پارٹی سے مدد مانگ لی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی حمایت سے محروم ہونے کے بعد امریکی صدر اوباما نے امریکی اپوزیشن جماعت ری پبلکن پارٹی سے مدد مانگ لی ہے۔ صدر اوباما نے سابق صدارتی امیدوار سینیٹر جان مکین سے رابطہ کر کے شام کے معاملے پر حمایت کی اپیل کی۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل راسموسین نے کہا ہے کہ اگر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر ہم خاموش تماشائی بنے رہے اور کسی ردعمل کا اظہار نہ کیا تو آمروں کو خطرناک پیغام جائے گا۔
شام

epaper

ای پیپر-دی نیشن