جدید فریگیٹ ”اسالٹ“ بحری بیڑے میں شامل
کراچی (آئی این پی+ این این آئی) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت اور ملک کے ادارے امن کو متاثر کرنےوالی قوتوں سے لڑ رہے ہیں،پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ اسالٹ فریگیٹ کی برقت تیاری ایک اہم سنگ میل ہے۔ پی این ایس اسالٹ کے بیڑے میں شمولیت خوش آئند ہے، پاک بحریہ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا ررہی ہے۔ گوادرپورٹ خطے اور ملک میں اہم تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، اقتصادی راہداری کے منصوبے سے خطے میں تبدیلی آئے گی۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ پاکستان اور چین آزمودہ دوست ہیں، پاکستان مستقبل میں بھی چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ منگل کو کراچی شپ یارڈ میں چین کے تعاون سے تیار کردہ جدید ترین جنگی جہاز پی این ایس اسالٹ کی پاک بحریہ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسالٹ فریگیٹ کی برقت تیار ایک اہم سنگ میل ہے۔ پی این ایس اصلیت کے بیڑے میں شمولیت خوش آئند ہے، پاک بحریہ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے آج چائنیز دوستوں کی مدد سے مقامی طور پر تیارکردہ پہلے جنگی بحری جہاز کی تقریب رونمائی میں شرکت انتہائی خوشی کی بات ہے۔ میں اس تاریخی تقریب میں شرکت کی دعوت دینے پر امیرالبحر کا بہت مشکور ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے سامنے کھڑ ا یہِ شاندار جہاز برسوں پر محیط محنت شاقہ کا نتیجہ ہے۔ آج کا دن بےشک نہ صرف دونوں ممالک کے جہاز سازی کے صنعت کے لئے بلکہ درحقیقت پاکستان اور چین کے لئے تا ریخی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کرخوشی ہوئی ہے کہ اسالٹ کو مقررہ مدت مےں ہی مکمل کر لیا گیا۔ آٹھ سال کے مختصر عرصے میں چاروں جہازوں کو قابل استعمال بنانے کے اس قدر مشکل کام کو سرانجام دینایقینی طور پر قابل تحسین ہے۔میں کراچی اور ہوڈونگ شپ ےارڈزکے محنتی انجینیرز اور کارکنوں کو انکی پیشہ ورانہ مہارت اور جان فشانی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔آپکی مخلصانہ کوششوں نے یہ سب کچھ ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میں وزارت دفاعی پیداوار اور نیول ڈائریکٹریٹ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی محنت سے اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ میں اس موقع پر چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کے تمام کارکنوں اور خاص طور پر اسسٹنٹ پریزیڈنٹ مسٹر وانگ ڈیجی کا چوتھے فریگےٹ کی پاکستان تعمیر میں دلچسپی لینے اور تمام ممکنہ تعاون فراہم کرنے کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین 1950 ءسے ایک دوسرے کے ساتھ ایک آزمودہ اور دیرینہ دوستی کے رشتے میں منسلک ہیں۔ پاکستان اس رشتے کو ایک پائدار ،ہمہ جہت اور گہری دوستی کے طور پر اہمیت دیتا ہے جو ہمیشہ ہر امتحان پر پوری اتری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے کہا کہ فریگیٹ 22 پی این ایس اسالٹ کے بحری بیڑے میں شامل ہونے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں ہم خطے میں امن کا فروغ چاہتے ہیں۔ نیول چیف نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے سکیورٹی مسائل کا سامنا ہے، خطرات سے نمٹنے کے لئے موثر بحری بیڑا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل سے پی این ایس اسالٹ کی تیاری تاریخی ہے، پاک بحریہ خودانحصاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس اسالٹ ملکی وسائل سے تیار کیا گیا۔ پی این ایس اسالٹ شامل ہونے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین فریگیٹ کی تیاری پاک بحریہ اور شپ یارڈ کے انجینئرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس فریگیٹ کی تیاری پر چین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔