نوازشریف نے سونیا گاندھی کو پھول بھجوائے
اسلام آباد (قدسیہ اخلاق/ نیشن رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف نے ایک ہفتہ قبل بھارتی حکمران جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کے اچانک بیمار پڑنے پر انہیں گلدستہ بھیجا۔ 66 سالہ سونیا 26 اگست کو پارلیمنٹ میں ایک بحث کے دوران اچانک بیمار ہوکر ہسپتال میں داخل ہوگئی تھیں۔ نیشن کو معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر دفتر خارجہ کی نئی دہلی میں اپنے ہائی کمشن کو ہدایت پر پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر نے پھولوں کا گلدستہ سونیا گاندھی کو پیش کیا جس پر انہوں نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔