• news

کراچی میں بدامنی بڑھ گئی: چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ کا اعتراف

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے اعتراف کیا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی میں اضافہ ہوا ہے، ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے واقعات بلائنڈ تھے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے متعدد سوالات بھی کئے اور کہاکہ آپ کو اپنا کام کرنے سے کون روک رہا ہے ہم یہاں انتظامیہ اور پولیس کو ہر قیمت پر مدد دینے آئے ہیں اب واپس ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں، میرے لئے یہ اعتراف پریشان کن ہے، پولیس ٹارگٹ کلرز کو پکڑنے ، قانون کے سامنے پیش میں کیوں ناکام ہے؟ مجھے کم نفری اور جدید ہتھیاروں کی عدم فراہمی کے بہانے پیش کئے جا رہے ہیں، میرے سامنے ناکامی کا کوئی آپشن نہیں، وزیراعظم نے آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ امن کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ کراچی میں امن و امان کے مسئلے کا بلاخوف و خطر حل چاہتا ہوں، رینجرز، پولیس، آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کو مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔ پولیس اوررینجرز امن و امان یقینی بنانے، بھرپور ذمہ داریاں ادا کریں، فوری قانون سازی کیلئے معاونین کو طلب کر لیا۔ پولیس ٹارگٹ کلرز کی تفتیش سے کیوں قاصر ہے؟ کون آپ کو میرٹ پر بھرتیوں سے روکتا ہے اور کرپٹ عناصر کو ترقی دینے پر مجبور کرتا ہے اگر سمت درست ہو تو کراچی کی صورتحال درست کر سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن