لائبریریوں میں کتاب بینی کا کم ہوتا ہوا رجحان
مکرمی! گزشتہ کئی برسوں کے دوران کتاب پڑھنے اور خاص کر کسی لائبریری میں جا کر کتاب پڑھنے میں کمی آرہی ہے جسکی کی وجوہات میں مہنگائی کے باعث انسان کی قوت خرید ہونا اور لائبریریوں کی خستہ حالی شامل ہے۔گزشتہ اقتدار کے پانچ سال میں تعلیم کے شعبے کا حال اپنی جگہ مگر لائبریریاں بھی حکومتی سرپرستی نہ ہونے کے باعث صرف ایک عمارت بن کر رہ گئی ہیں۔ملک میں موجود لائبریریوں میںمختلف موضوعات کی کتابیں تو موجود ہیں مگر لائبریریوں میں بہتر نظام نہ ہونے کے باعث شہری یہاں کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں۔ اسکے علاوہ لائبریریوں میں کتابیں ترتیب میں نہ ہونے سے مطلوبہ کتاب ڈھونڈنے میں مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ آج کل تقریباً تمام کتابیں ای بک کی شکل میں انٹرنیٹ پر موجود ہیں ۔ انٹرنیٹ کی وجہ سے ہی معاشرے میں کتاب بینی کا رجحان کم ہوا ہے۔ ہمیں کتاب کی افادیت کو کبھی بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے اور لائبریریوں میں جا کر کتاب بینی کے رجحان میں اضافہ کرنا چاہئے۔ (محمد فرقان لاہور)