• news

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری‘ نیوی کیپٹن‘ رینجرز‘ پولیس اہلکاروں سمیت 14 جاں بحق

کراچی (کرائم رپورٹر) شہر قائد میں وزیر اعظم کی موجودگی کابینہ کے خصوصی اجلاس کے دوران بھی فائرنگ اور تشدد سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں نیوی کے کیپٹن اور ایک پولیس اہلکار سمیت مزید 14افراد جاں بحق ہو گئے۔ لیاری میں ملزمان اور رینجرز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار جاں بحق جبکہ 3ملزمان بھی مارے گئے۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے 8 ملزموں سمیت 26ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ، دستی بم اور بال بم برآمد کرلیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک بحریہ کے کیپٹن ندیم جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ ثمینہ زخمی ہوگئیں۔ نیول افسر کیپٹن ندیم اور ان کی اہلیہ کار پر اپنے گھر سے پی این ایس جوہر ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل سواروں نے نیشنل سٹیدیم کے قریب اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ دونوں میاں بیوی کو طبی امدادکے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں کیپٹن ندیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ کیپٹن ندیم کا شمار نیوی کے بہترین افسران میں ہوتا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور نیول انویسٹی گیشن ٹیمیں معائنے کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ نیول حکام نے کار اپنی تحویل میں لے لی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اس علاقے میں نیوی کے 3 افسران کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ اورنگی ٹاﺅن کے علاقے جوہر چوک کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے پولیس اہلکار 50سالہ حاجی جاوید جاں بحق ہوگیا۔ مقتول پاکستان بازار تھانے میں تعینات تھا۔ شاہ فیصل کالونی نمبر 3 میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 30سالہ عمیر نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ نیپیئر تھانے کے علاقے پرانا حاجی کیمپ اور پاک کالونی تھانے کے حدود میں میانوالی کالونی سے دو تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ دوسری جانب چنیسر گوٹھ میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص اعجاز جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول متعدد مقدمات میںمطلوب تھا۔ مقتول کی ہلاکت پر اہل خانہ اور اہل محلہ نے کورنگی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں پر پتھراﺅ کیا اور سڑک ٹریفک کے لئے بند کر دی۔ لیاری بغدادی میں رینجرز اور ملزمان کے درمیان بدھ کی صبح سویرے مقابلہ ہوا ہے فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ تین ملزمان ہلاک ہوگئے۔ دریں اثناءکراچی کے علاقے ماڑی پور کے قریب مواچھ گوٹھ اور 500 سو کوارٹر میں پولیس کے آپریشن میں 8مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ اورنگی ٹان میں پولیس کا چیکنگ کے دوران اے ٹی ایم سے لوٹ مار کرنے والے ملزمان سے مبینہ مقابلہ ہوا جس میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔متحدہ کے قائد الطاف حسین نے نیول افسر کیپٹن ندیم کی شہادت اور ان کی اہلیہ کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ واقعہ کھلی دہشت گردی ہے اور شہر میں بدامنی اور بدترین صورتحال کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔مومن آباد میں فائرنگ سے سب انسپکٹر عارف جاں بحق ہوگئے۔ سب انسپکٹر عارف گورنر ہاو¿س میں تعینات تھا۔

ای پیپر-دی نیشن