”84ءمیں سکھوں کا قتل عام“ امریکی عدالت نے سونیا گاندھی کو بھی طلب کر لیا
واشنگٹن (این این آئی) امریکی وفاقی عدالت نے مقامی گروپ ”جسٹس فار سکھ“ کی درخواست پر بھارتی حکمراں جماعت کی سربراہ سونیا گاندھی کو طلب کرلیا۔ گروپ نے امریکی عدالت میں 27 صفحات پر مشتمل درخواست دائر کی ہے جس میں سونیا گاندھی پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے نومبر 1984ءکے فسادات میں سکھوں پر حملہ کرنے والے کانگریس کے کارکنوں کو تحفظ فراہم کیا لہٰذا عدالت انہیں طلب کرکے ان سے اس بارے میں وضاحت طلب کرے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے کارکنوں نے 1984ءمیں منظم سازش کے تحت سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ہزاروں خواتین و مرد کو تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا اور ان فسادات میں سینکڑوں سکھوں کو بیدردی سے قتل بھی کیا گیا۔ واضح رہے کہ سونیا گاندھی حالیہ دنوں علاج کی غرض سے امریکہ ہی میں مقیم ہیں۔