لاہور سمیت ملک بھر میں یوم حجاب جوش و خروش سے منایا گیا، ریلیاں
لاہور (خصوصی رپورٹر + لیڈی رپورٹر) لاہور سمیت ملک بھر میں عالمی یوم حجاب انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں متعدد تقریبات منعقد کی گئیں اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے گرد و نواح میں خواتین کی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت محترمہ سمیحہ راحیل قاضی اور فوزیہ صدیقی نے کی۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما شہزادی کبیر کی صدارت میں مسلم لیگی خواتین نے ”حجاب عورت کا زیور“ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا۔ اس موقع پر شاہجہاں بلے ایم پی اے، نگہت شیخ ایم پی اے، نسیم بانو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھی گذشتہ روز عالمی یوم حجاب کے موقع پر کانفرنسوں اور مذاکروں کا اہتمام کیا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا کو مسلم خاتون کے حجاب اوڑھنے کے بنیادی حق سے آگاہ کرنا تھا۔ اس موقع پر دنیا بھر میں اسلامی جماعتوں کی طرف سے حجاب سے آگاہی کے حوالے سے کانفرنسیں، ریلیاں، مظاہرے اور مذاکرے منعقد ہوئے۔ جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین) کے زیر اہتمام لاہور، کراچی، پشاور، ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد میں سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پریس کلب کے باہر خواتین کی ریلی نکالی گئی جس سے جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد، ذکر اللہ مجاہد، صدر ویمن اینڈ فیملی کمشن سمیحہ راحیل قاضی، عافیہ سرور، ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی و دیگر خواتین نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت 4 ستمبر کو سرکاری طور پر حجاب ڈے منانے کا اعلان کرے۔ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ملک ہے۔ پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور نے گورنر ہاﺅس میں حجاب کے حوالے سے سرکاری تقریب کا انعقاد کر کے ملت اسلامیہ پاکستان کی اسلامی اخلاقی سماجی اقدار کی ترویج کی ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عبدالغفار عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقوق انسانی والوں کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس لئے نظر نہیں آتی کیونکہ وہ کلمہ گو ہے۔ میاں مقصود احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم معاشرے میں حجاب کے بڑھتے ہوئے استعمال سے مغرب خوفزدہ نظر آتا ہے اور وہ جبراً طالبات اور مسلم عورتوں کو پردہ کے استعمال سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ ثناءنیوز کے مطابق کراچی میں جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) کے تحت مسجد بیت المکرم سے حسن سکوائر تک حجاب واک کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک کی قیادت جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی، کوثر مسعود، عائشہ منور اور دیگر نے کی۔ واک میں شریک خواتین نے حجاب کے حق میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر انگریزی اور اردو میں مختلف نعرے درج تھے، خواتین نے بیت المکرم مسجد سے حسن سکوائر تک پیدل واک کی۔