• news

پی پی 150 : دوبارہ گنتی میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں مرغوب کامیاب‘ پی ٹی آئی کا نتائج تسلیم کرنے سے انکار

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے +ایجنسیاں) لاہور کے حلقہ پی پی 150 میں ہونےوالے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں مرغوب احمد نے کامیابی حاصل کر لی جبکہ تحریک انصاف کے مہر واجد نے دوبارہ گنتی کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مذکورہ حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے، دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے 76 ووٹوں کے مزید اضافے سے مجموعی طور پر 452 ووٹوں کی برتری حاصل کر لی، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے کامیابی کی خوشی میں سیشن کورٹ سمیت لاہور کے مختلف حصوں میں بھرپور جشن منایا جبکہ میاں مرغوب احمد نے کہا ہے کہ آج پھر حق اور سچ کی فتح ہو گئی ہے اور جھوٹے وائٹ پیپر شائع کر کے عوام کو گمراہ کرنے والوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حلقہ پی پی 150 میں ہونےوالے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں دوبارہ گنتی کا عمل بدھ کے روز بھی جاری رہا اور نو پریذائیڈنگ آفیسرز کے سیشن کورٹ نہ پہنچنے کی وجہ سے گنتی کا مرحلہ روک دیا گیا تاہم پولیس کے ذریعے پریذائیڈنگ آفیسرز کو طلب کیا گیا جن کی موجودگی میں ان کے پولنگ سٹیشنز پر ڈالے جانے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید حامد حسین شاہ اور ریٹرننگ افسر جاوید اقبال وڑائچ نے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان کیا۔ 147 پولنگ سٹیشنز پر ڈالے جانےوالے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں مرغوب احمد نے 18526 جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار مہر واجد عظیم نے 18074 ووٹ حاصل کئے جبکہ 1138 ووٹ مسترد ہوئے اس طرح غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق میاں مرغوب احمد کو 452 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جبکہ یہ نتائج چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد دونوں اطراف سے اس پر دستخط کر دئیے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں مرغوب احمد کو دوبارہ گنتی میں 76 ووٹ اضافی ملے جبکہ اس سے پہلے 22 اگست کو انہیں 376 ووٹوں سے کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی سیشن کورٹ میں جمع کارکنوں نے بھرپور جشن منایا اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگائے جبکہ حلقہ پی پی 150 سمیت مختلف مقامات پر کارکنوں نے جشن منایا او رمٹھائیاں تقسیم کیں۔ مہر واجد عظیم نے دوبارہ گنتی کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ حلقے میں دوبارہ انتخاب کرایا جائے۔ نتائج کو چیف الیکشن کمشنر کے سامنے تحریری طور پر چیلنج کروں گا اور دوبارہ انتخاب کے لئے درخواست دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چالیس سے زائد پولنگ سٹیشنز پر وسیع پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئیں اس لئے میرا مطالبہ ہے کہ اس حلقے میں دوبارہ انتخاب کرایا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن