• news

برطانیہ نے الطاف حسین سے نرم رویہ اختیار کر رکھا ہے: عمران خان

لندن+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ برطانیہ نے الطاف حسین سے نرم رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔ برطانوی اخبار سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے پاس پاکستان کو دہشت گردوں کو پناہ دینے پر تنقید کا جواز نہیں، انتخابات سے 2 دن پہلے برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن کو پاکستان میں صورتحال بگڑنے سے آگاہ کردیا تھا۔ تحریک انصاف نے کراچی میں تحفظ کیلئے مسلح ونگ بنانے کا سوچا مگر پھر خیال ترک کر دیا۔ عمران خان نے خیبر پی کے میں فری ایمرجنسی ٹریٹمنٹ سروس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا خیبر پی کے کو مثالی صوبہ بنائیں گے اور ملک کے دیگر صوبے گورننس کیلئے ہماری پیروی کرینگے۔ صوبے کے ہسپتالوں میں غریب مریضوں کیلئے ہر قسم کی سہولت مفت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ صوبے کا معلومات تک رسائی قانون، پولیس اصلاحات، تعلیمی اصلاحات، بلدیاتی نظام اور احتساب کا نظام پورے ملک کیلئے مثال ہے، خیبر پی کے میں ایسے بہترین کام کرینگے کہ ہمیں آئندہ انتخابی مہم چلانے کی بھی ضرورت نہیں پڑیگی کیونکہ تبدیلی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہونگے تو پھر عوام تحریک انصاف کی طرف ہی دیکھیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی سمیت ایم پی ایزکی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جو دوسرے صوبوں میں نہیں ہو گا۔ تمام تھانوں میں کیمرے لگوا رہے ہیں تاکہ کوئی ظلم نہ کر سکے۔ ان کیمروں کی تمام ریکارڈنگ آئی جی کے دفتر میں جمع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں احتساب کا خودمختار نظام لا رہے ہیں جس سے کوئی کرپٹ شخص نہیں بچ سکے گا۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیں عمران خان نے پشاور میں مصروف دن گزارا اور سی ایم سیکرٹریٹ میں مختلف اہم اجلاسوں میں حصہ لیا اور حکومت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ ہاﺅس پشاور میں کئی اجلاس منعقد ہوئے جس میں عمران خان نے خصوصی شرکت کی۔ ایک اجلاس میں بتایا گیا کہ خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایت پر صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے نت نئے منصوبے شروع کیئے جا رہے ہیں جن کے تحت دریائے سندھ اور دریائے کابل میں جدید طرز کی فیری سروس شروع کی جا رہی ہے۔ اسی طرح نوشہر ہ اور اٹک خورد کے درمیان سیاحت کی غرض سے ایک خصوصی ٹرین بھی چلائی جائے گی۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ ماحول کو بچانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ۔ درختوں اور جنگلات کا کٹاﺅ روکا جائے، سیاحتی علاقوں میں تعمیرات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی اور فروغ سے نہ صرف صوبے کی معیشت مستحکم ہو گی بلکہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ صوبے کی سطح پر ایک ایڈوائزی بورڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ یہ بات بدھ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سپورٹس کے حوالے سے منعقدہ ایک بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمران خان کو بتائی گئی۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو صوبے میں جدید سہولتوں سے آراستہ نئے شہر بسانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیاکہ اس مقصد کیلئے بہت جلد ماہرین پر مشتمل بورڈ قائم کیا جائے گا جو صوبے کے مختلف حصوں میں نئے شہروں کی تعمیر سے متعلق تیکنیکی، ماحولیاتی، معاشی اور سماجی پہلوﺅں کا تفصیلی جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے شہروں کی تعمیر سے اگر ایک طرف لوگوںکو جدید طرز کی رہائشی سہولتیں میسر آئیں گی تو دوسری طرف پشاور سمیت صوبے کے بڑے شہروں پر آبادی کادباﺅ بھی کم ہو گا۔ عمران خان نے اس منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ اس منصوبے کو عملی شکل دینے سے بڑی تعداد میں بیرونی سرمایہ کار ان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن