وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کابینہ میں شمولیت کی دعوت ‘ جے یو آئی ف نے انکار کر دیا
کوئٹہ(ثناءنیوز+ این این آئی) جے یو آئی نے بلوچستان حکومت میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں وفد نے جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا محمدخان شیرانی ،مولانا عبدالغفور حیدری اور جمعیت کے پارلیمانی لیڈر مولاناعبدالواسع سے ملاقات کی ،نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں بلوچستان میں امن وامان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خٰیال ہوا اور وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعیت کو بلوچستان حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں کافی سوچ و بچار کے بعد جے یوآئی نے حکومت میں شمولیت سے معذرت کرتے ہو ئے کہا کہ جمعیت کا فی الحال حکومت میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ، اور جمعیت موجودہ حکومت کے ساتھ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن تعاون و مدد کرے گی ملاقات کافی خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ تیل و گیس کے شعبہ میں کام کرنے والی کمپنیوں کو عوام کے دل جیتنے کیلئے عوام دوست حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی ڈیرہ بگٹی کے عوام کے ساتھ کئے جانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے او جی ڈی سی ایل ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی محمد ریاض خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ موثر رابطے کے ذریعے صوبے میں تیل و گیس کی تلاش کے حکام کو تیز کیا جائے گا۔