حکومت نے گریڈ 19 کی آفیسر انیتا تراب کو ملازمت پر بحال کر دیا
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی حکومت نے گریڈ 19 کی آفیسر انیتا تراب کو ملازمت پر بحال کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ انیتا تراب کو عام انتخابات سے قبل سابق حکومت کی جانب سے مختلف سرکاری محکموں میں اعلان کردہ ملازمتوں کے خلاف الیکشن کمشن کو خط تحریر کرنے کی پاداش میں ملازمت سے معطل کر دیا تھا اور ان کے خلاف انضابطی کارروائی کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی جس نے مذکورہ آفیسر کو نوکری سے برطرف کرنے کی سفارش کی تھی، گریڈ 19 کے آفیسر محمد خان کی خدمات گلگت بلتستان حکومت کے سپرد کر دی گئیں۔ گریڈ 19 کی آفیسر نائلہ ظفر کا نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں تبادلہ کر دیا گیا، حکومت نے متعدد دیگر گریڈ 19 کے ملازمین کے تبادلے کئے۔