ہرارے ٹیسٹ : زمبابوے 327 پر آئوٹ‘ پاکستان کی برتری 90 رنز‘ 9 وکٹیں باقی
ہرارے (سپورٹس ڈیسک) ہرارے ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 78 رنز کی برتری کے ساتھ 327 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ایلٹن چگمبورا نے 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، سعید اجمل نے 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا لئے اور اسے 90 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے، مصباح الحق 52 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ یونس خان 76 اور اسد شفیق 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، تناشے پین ینگارا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے نے پہلی نامکمل اننگز 281 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 78 رنز کی برتری کے ساتھ 327 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ایلٹن چگمبورا نے 69 رنز بنائے۔ شنگی مساکڈزا 14 اور ٹینڈائی چتارا بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ سعید اجمل نے 95 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جنید خان نے دو اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلی اننگز کی طرح پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن تھا اور اس کے پہلے تین بلے باز 23 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ خرم منظور 5 ، اظہر علی صفر اور محمد حفیظ 16 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے۔ جلد تین وکٹیں گر جانے کے بعد یونس خان اور مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ میں 116 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 139 تک پہنچا دیا۔ مصباح الحق 52 رنز بنانے کے بعد کیچ آئوٹ ہوگئے۔ یونس خان اور اسد شفیق نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 تک پہنچا دیا۔ پاکستان کو 90 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ یونس خان 76 اور اسد شفیق 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ تناشے پین ینگارا نے دو جبکہ ٹینڈائی چتارا اور شنگی مساکڈزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔