ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں اضافہ، مزید تین افراد جاں بحق
کراچی + سوات + لاہور + شیخوپورہ (ایجنسیاں + نیوز رپورٹر + نامہ نگار خصوصی) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لاہور میں 5 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ شیخوپورہ میں ایک نوجوان میں ڈینگی وائرس پایا گیا۔ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ دس سالہ بچی جبکہ سوات میں وائرس سے متاثرہ مزید دو افراد ہلاک ہو گئے جس سے یہاں مرنے والوں کی تعداد چار ہو گئی۔ کراچی میں دس سالہ بچی کی ہلاکت کے بعد رواں سال اس موذی مرض سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی۔ سوات میں ڈینگی نے خطرناک وبا کی صورت اختیار کر لی۔ راولپنڈی ڈی ایچ او آفس کا ملازم بیوی سمیت ڈینگی وائرس کا شکار ہو گیا۔ لاہور میں نئے آنے والے مریضوں میں میو ہسپتال سے پنگالی باغ راوی ٹاؤن کا رہائشی 38 سالہ بشارت، جناح ہسپتال قصور کا رہائشی 18 سالہ افضال، گنگارام ہسپتال سے شیزان فیکٹری کا رہائشی 30 سالہ امجد اور انارکلی کا رہائشی 21 سالہ امجد حسین اور سروسز ہسپتال میں مغلپورہ کا رہائشی 19 سالہ فیضان الرحمن شامل ہیں۔ شیخوپورہ سے ہمارے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ڈینگی وارڈ میں زیرعلاج نوجوان قربان علی میں ڈینگی وائرس پائے جانے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ یہ بات وارڈ انچارج ڈاکٹر بابر امین نے بتائی۔ مریض کا تعلق لاہور روڈ کی آبادی خانپور سے ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آفیسر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے دفاتر میں ڈینگی لاروے نے ڈیرے جما لئے۔ ڈی ایچ او آفس کا ملازم بیوی سمیت ڈینگی وائرس کا شکار ہو گیا۔ ہولی فیملی ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈی ایچ او آفس کے ملازم علی اصغر اور ان کی اہلیہ فرخندہ کا ڈینگی ٹیسٹ پازیٹو نکلا ہے۔ ڈینگی کا شکار ہونے والے ملازم علی اصغر ڈی ایچ او ہیلتھ آفس میں پولیو ٹیم کے انچارج بھی ہیں۔