ایل پی جی مزید 5 روپے کلو مہنگی، گھریلو سلنڈر 1510 کا ہو گیا
لاہور+اسلام آباد ( سپشل رپورٹر+آن لائن) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر 60 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 240 روپے اضافہ ہو گیا ہے، ایل پی جی کی فی ٹن کی قیمت میں 5000 روپے اضافہ ہوا، ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر قیمتوں میں اضافہ کر دیا، اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ حال ہی میں ایل پی جی پروڈیوسرز نے قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کیا تھا اور دوسری باراضافہ کر کے کسر نکال لی جبکہ یہ بلا جواز اضافہ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہوا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایل پی جی پروڈیوسرز کی اربوں کی لوٹ مار جاری ہے اور ایل پی جی مافیا لوکل گیس کی سٹوریج کر کے بلیک مارکیٹنگ کرنے میں سرگرم عمل ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مختلف شہروں میں قیمتیں درج ذیل ہوں گی۔ کراچی، رحیم یار خان، سکھر، حیدرآباد 125 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1450 روپے، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرنوالہ، گجرات، سیالکوٹ، اوکاڑہ، اٹک، میرپور، جہلم، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان 130 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1510 روپے۔ گلگت بلتستان، فاٹا، مظفر آباد، باغ، ناران، کاغان، مری، نتھیا گلی، 145 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1690 روپے میں ملے گا۔