• news

کراچی: پر تشدد واقعات‘ پولیس اہلکار‘ سیاسی رہنما سمیت 6 قتل‘ ٹارگٹڈ آپریشن‘ 100 گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں گذشتہ روز فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار اور اے این پی کے رہنما سمیت 6افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 100سے زائد جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاﺅن نمبر 4میں گذشتہ روز موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے اے این پی فرنٹیئر کالونی کے صدر 45سالہ نور بابا عرف لال درویش خان کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول لال درویش خان اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید کے قریبی عزیز تھے۔ شاہی سید نے ان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناءیوسف گوٹھ میں نامعلوم افراد نے 35سالہ قاسم بلوچ کو گولیاں مارکر ہلاک کر دیا۔ ابراہیم حیدری کے علاقے میں رات گئے نامعلوم افراد نے پولیس چوکی پر فائرنگ کر دی جس سے ایک اہلکار ریحان جاں بحق ہو گیا۔ یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاﺅن میں بھی گولیاں لگنے سے ایک شخص کے مرنے کی اطلاعات ملیں تاہم مرنیوالے کی شناخت نہ ہو سکی۔ مچھر کالونی میں فائرنگ کرکے نوجوان سکندر کو ہلاک کر دیا گیا۔ اورنگی کے علاقے گلشن بہار میں مسلح افراد کی فائرنگ سے تھانہ پاکستان بازار کا سب انسپکٹر غنی شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں کھارادر میں دستی بم کا حملہ ناکام اللہ والا پارک میں پھینکا جو پھٹ نہیں سکا تھا بعدازاں اس بارے میں اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ رینجرز اور پولیس نے بلدیہ ٹاﺅن‘ گلشن غازی‘ نیو کراچی اور سرجانی ٹاﺅن کا محاصرہ کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ملزموں سمیت 100سے زائد افراد کو حراست میں لے کر بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا جس میں کلاشنکوفیں‘ رائفل اور ٹی ٹی پستول شامل تھے۔ گرفتار ہونیوالوں میں شیر خان عرف شیرا اور سعید خان، عمران عرف ہیلی کاپٹر جیسے بدنام بھتہ خور، اغوا برائے تاوان کے 11ملزم بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن